ساہیوال، ڈاکو راج، عوام خوفزدہ، بھرے بازار میں ڈاکوؤں کی فائرنگ

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈکیتی کی دو مختلف وارداتوں میں نامعلوم ملزمان نے دوموٹرسائیکلیں اور نقدی چھین لی‘مقدمات درج۔ ڈکیتی کی واردات 85/6-Rکے قریب صبح6بجے کے قریب ہوئی یہاں محمد حمید اپنے گھر سے زرعی رقبہ پر موٹرسائیکل پر جارہاتھا کہ راستے میں 3نامعلوم ملزمان نے گن پوائنٹ پرروک لیا اور موٹرسائیکل نمبری 885/SLL و نقدی کل مالیتی 1لاکھ23ہزارروپے چھین کرفرارہوگئے۔ دوسری واردات لیبر کالونی میں رات کے وقت ہوئی یہاں محمد احسن نعیم پاکپتن چوک سے واپس اپنے گھر بلا نمبری موٹرسائیکل پر جارہاتھا کہ گھر کے قریب پیچھے سے دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان آئے اور گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل مالیتی 1لاکھ7ہزارروپے چھین کرفرارہو گئے۔ چوری کی واردات ٹینکی چوک کے قریب ہوئی یہاں نامعلوم ملزمان نے وقا ص علی کی موٹرسائیکل مالیتی 80ہزارروپے انشورنس کمپنی کے دفتر کے باہر سے چرالی۔ دیگر وارداتوں طارق بن زیاد کالونی میں 4نامعلوم ملزمان نے رضیہ سلطانہ کو ڈرا دھمکا کر طلائی زیورات ونقدی مالیتی1لاکھ روپے اور 182/9-Lمیں نامعلوم ملزمان نے سلیم اختر کی ڈھاری سے 2گائیں مالیتی 1لاکھ5ہزارروپے چرالیں۔غوری چوک میں تانا بانا کلاتھ ہاؤس کے قریب یونیورسٹی کا طالب علم گھر سے کھانا لینے ہوٹل پر آیا تو دو موٹر سائیکل سواروں نے اس سے موبائل فون چھین لیا اور مزاحمت پر اسے گولی ماری جو اس کے ٹانگ میں لگی. موبائل چھیننے والے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے. مذکورہ لڑکے کی حالت تشویش ناک ہے. پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں