میونسپل کارپوریشن ساہیوال کا سالانہ بجٹ متفقہ طورپر منظور

ساہیوال( بیورورپورٹ) میونسپل کارپوریشن ساہیوال کا سالانہ بجٹ 2018-19 ہاؤس نے 83کروڑ 74لاکھ36ہزار 200روپے متفقہ طورپر منظور کرلیاہے ۔ نئے سال کی آمدن کاتخمینہ 80کروڑ 38ہزار 900 روپے لگایاگیاہے جبکہ ابتدائی بقایا 3کروڑ 73لاکھ97ہزار 300 روپے ہے ۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر و کنوینئر چوہدری ساجد نعیم ہیپی نے کی۔ بجٹ اخراجات میں تنخواہ عملہ 31کروڑ 94لاکھ 10ہزار روپے ‘سائر خرچ 22کروڑ 89لاکھ 13ہزار ‘ایم اینڈ آر 4کروڑ 69لاکھ 55ہزار ‘ عطیات ولازمی اخراجات 6کروڑ 53لاکھ ‘سالانہ ترقیاتی پروگرام 7کروڑ ‘سابقہ ذمہ داریاں 6کروڑ 16لاکھ 43ہزار ودیگر ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر ساہیوال اسد علی خان بلوچ نے سالانہ بجٹ پاس کرنے پر ہائوس کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ کارپوریشن کی آمدن بڑھانے کی کوشش کی جائے گی ۔ بلڈنگ برانچ کو 15کروڑ روپے وصولی کا ہدف دیاگیا ہے جوانشا ء اﷲ پورا کیاجائے گا گزشتہ مالی سال میں بھی بلڈنگ برانچ کی شاندار کارکردگی رہی تھی۔ انہوںنے میونسپل افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمام کام بجٹ کے اندر رہتے ہوئے مکمل کروائے جائیں اور اضافی بجٹ کی ہرگز توقع نہ رکھیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ شہر کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں مثبت تنقید پر عملدرآمد کریںگے۔ تنقید برائے تنقید نہیں تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے۔ شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ‘نکاسی آب اور صفائی کو ترجیح دی جائیگی اور آمدن بڑھانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیںگے۔ اجلاس میں مسعود خان مہمند ‘میاں نوید مشتاق فرشتہ ایڈووکیٹ ودیگر نے بجٹ بحث میں حصہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں