ساہیوال کے عوام کو عمران خان سے توقعات

ساہیوال( بیورورپورٹ)ملک بھر کی طرح ساہیوال شہر میں بھی تبدیلی کی لہر دوڑ گئی‘ ٹی شاپس ‘ہوٹلوں ‘ حمام اور شہر کے اہم چوکوں میں غریب و عام شہریوں کی تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ ہونے لگیں‘ شہری عمران خان سے پاکستان کے درپیش مسائل حل کرنے کے لئے پر امید ہیں۔فرحان احمد نے کہاہے کہ عمران خان جیسے لیڈر کی اس ملک کو اشد ضرورت تھی قائد اعظم کے بعد آج تک پاکستان کو سیاسی لیڈر تو ملے مگر پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی لیڈر نہ ملا ۔نعمان سعید بھٹہ نے کہاہے کہ انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان پاکستان کے تمام قرضے اتار دیں گے اور پاکستان ایک خود مختار ملک بن کر ابھرے گا۔ شیخ نعیم نے کہا ہے کہ وہ سابق مسلم لیگی ووٹر ہیں لیکن پاکستان میں پرانےفرسودہ نظام کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور ساتھیوں کو ملک میں تبدیلی کے لئے قائل کیا اور تبدیلی کی کمپین چلائی اور اب وہ وقت دور نہیں جب ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔ عاصم علی رانا نے کہاہے کہ ملک میں اس وقت لاقانونیت اور مہنگائی نے زور پکڑ رکھا ہے جو عام وغریب عوام کی پہنچ سے بہت دور ہے ۔چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی پہلی تقریر نے انہیں ایک نیا جوش وجذبہ دیاہے کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے اور پولیس کے نظام کی بہتری کے لئے کام ہوگا۔ محمد عرفان نے کہاکہ اس کی آمدن کم ہونے سے گھریلو بجٹ متاثر ہوتاہے لیکن عمران خان نے کہاہے کہ وہ غریب آدمی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے دکھائیں گے جس کے باعث وہ جلد از جلد عمران خان کو وزیراعظم بنتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ساہیوال کے عوام کی عمران خان سے جوتوقعات ہیں اور متوقع وزیراعظم عمران خان ان توقعات پر کتنا پورا اترتے ہیں یہ آنیوالا وقت ہی بتائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں