پنجاب اسمبلی کے 4 آزاد ارکان پی ٹی آئی میں شامل

لاہور(ایس این این) پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کے آپریشن چھانگا مانگا کی طرز پر آپریشن مڈ نائیٹ مکمل کر لیا ہے اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے راتوں رات نو منتخب اراکین اسمبلی کوخصوصی جہاز میں اسلام آباد پہنچایا ہے جہاں آج انھوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے.پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی و پنجاب اسمبلی کے 13 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔فواد چودھری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ قومی اسمبلی کے 8 جب کہ پنجاب اسمبلی کے 5 آزاد امیدوار تحریک انصاف کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔دوسری جانب مظفرگڑھ سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سید علمدارقریشی، لیہ سے نومنتخب رکن بشارت رندھاوا، خانیوال سے حسین جہانیاں گردیزی اورمسعود گیلانی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 127 ہے، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلز پارٹی کے 6 ارکان ہیں، اس کے علاوہ 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ موجودہ صورت حال میں آزاد امیدواروں کی ا ہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں