زچگی کے بعدڈیوٹی کرنے والی خاتون پولنگ اسٹیشن پر جاں بحق

شہداد کوٹ(ایس این این) سندھ کے ضلع قمبر کی تحصیل نصیر آباد میں عام انتخابات میں پولنگ افسر کے طور پر فرائض انجام دینے والی لیڈی ہیلتھ ورکر ذمہ داری کی ادائیگی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ذرائع کے مطابق انتقال کرنے والی خاتون نے 4 دن قبل آپریشن کے ذریعے بچے کو جنم دیا تھا اور میڈیکل بنیادوں پر پولنگ اسٹیشن میں ڈیوٹی انجام دینے کے قابل نہیں تھیں لیکن ریٹرننگ افسر نے درخواست رد کردی۔انتقال کرنے والی خاتون شاہدہ کی رشتہ دار خواتین کا کہنا تھا کہ ان کی بہن خود جج صاحب کے پاس گئیں اور اپنی بہن کی حالت کے بارے میں آگا ہ کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ میری بہن کا آپریشن ہوا ہے اور وہ ڈیوٹی انجام نہیں دے سکتیں مگر جج صاحب نے ایک نہ سنی۔ذرائع کے مطابق خاتون پولنگ اسٹیشن میں ڈیوٹی پر مامور تھیں کہ اچانک ان کی طبعیت بگڑ گئی، مگر کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے گاڑی کا انتظام نہیں کیا گیا توان کے گھر کے مرد آئے اور اپنی مدد آپ کے تحت خاتون کو ہسپتال لے گئے۔ ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن پر موجود کسی کی جانب سے گاڑی کا فوری طور پر انتظام نہیں کیا گیا اور خاتون نے پولنگ اسٹیشن میں دم توڑ دیا تھا۔اس حوالے سے ایک سندھی روزنامے نے 26 جولائی کو ایک خبر شائع کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر شاہدہ ووٹوں کی گنتی کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں