اپنی جگہ دوسرے کو الیکشن ڈیوٹی پر بھیجنے والا پریزایئڈنگ افسر گرفتار

کراچی(ایس این این )کراچی میں اپنی جگہ دوسرے شخص کو الیکشن ڈیوٹی کے لیے بھیجنے والے پریزایئڈنگ افسر وحید اللہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق وحیداللہ کو پی ایس 93 کے پولنگ اسٹیشن کے لیے پریذایئڈنگ افسر مقرر کیا گیا تھا لیکن اس نے انتخابی ڈیوٹی کے لیے اپنی جگہ زبیر نامی شخص کو بھیج دیا، اور جب زبیر نامی شخص انتخابی ڈیوٹی کے لیے آراو کے روبرو پیش ہوا تو ڈی ایم سی کے ریٹائرڈ افسر نور محمد نے راز فاش کردیا اور کہا کہ میں وحید اللہ کو پہچانتا ہوں یہ وہ شخص نہیں۔جس پر ملزم زبیرموقع سے فرار ہوگیا، تاہم حلقہ پی ایس 93 کے آر او نے وحیداللہ اور زبیر کی گرفتاری کا حکم دے دیا اور تھانہ سٹی کورٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی اہلکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔
تفتیشی افسر نے ملزم وحید کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے سامنے پیش کیا اوراستدعا کی کہ ملزم زبیر کی گرفتاری کے لئے وحیداللہ کو جسمانی ریمانڈ کے لئے پولیس کے حوالے کیا جائے، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پی ایس 95 کے پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں