ساہیوال، سادہ لوح شہریوں کوبلیک میل کرنے والا گروہ متحرک

ساہیوال (بیورورپورٹ) شریف او رسادہ لوح شہریوں کو گھیر کربلیک میل کرنے والے مردوخواتین کے گروہ ایک بار پھر متحرک‘ بلیک میلر گروہ نوجوانوں کو بلیک میل کرنے کیلئے تھانے اور عدالتوں میں درخواست دینے لگے‘ پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 5/7سال سے ساہیوال سمیت مختلف شہروں میں مردوخواتین پرمشتمل مختلف بلیک میلنگ کرنے والے گروہ کام کررہے تھے جوکسی بھی شخص اور نوجوان کو خوبصورت لڑکیوں کے ذریعے موبائل فون پرمیٹھی میٹھی باتیں کرکے اپنے جال میں پھنسالیتے تھے اوربعدازاں ملاقات کے دوران تصاویر بناکر بلیک میل کرکے بھاری رقم بٹورتے رہے لیکن ایسے گروہ بدنام ہونے کے باعث خاموش ہوگئے۔ اس گروہ میں مختلف محکموں اورمختلف مکاتب فکر کے افراد شامل تھے۔ یہ سلسلہ چند ماہ سے دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور نوجوانوں کو اس جال میں زیادہ پھنسایا جاتاہے ۔اس جال میں پھنسنے والے نوجوانوں کوبلیک میل کرکے مال بٹوراجارہاہے اگرنوجوان مال نہ دیں توتھانے اورعدالتوں کاسہارا بھی لیاجاتاہے۔ مال ملنے پردرخواست واپس لے لی جاتی ہے یاپیروی نہیں کی جاتی۔ مختلف حلقوں نے اعلیٰ پولیس افسران سے فوری نوٹس لینے اورنوجوانوں کوگمراہ ہونے سے بچانے اورمذکورہ گروہ کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں