ذہین طلبا و طالبات ملک و قوم کا اثاثہ ہیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (ایس این این ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ ذہین طلبا و طالبات ملک و قوم کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرنا ہے اور اسے مضبوط بنانا ہے ان طلبا و طالبات کو چاہیے کہ وہ محنت کو اپناشعار بنا ئیں ا ورملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔وہ یہاں ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات 2018کے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حافظ فدا حسین ‘سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب اور پرنسپل ڈی پی ایس بریگیڈئر (ر) سید انوارالحسن کرمانی کے علاوہ طلبا وطالبات کے والدین اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت پروفیسر ریاض خان نے کی۔انہو ںنے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت اور قابلیت سے قوم کی تعبیر میں اپنا حصہ ڈالیں اور اپنے معاشرے اور والدین کیلئے فخر کا باعث بنیں۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول اوکاڑہ کے محمد احسن حنیف کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر گولڈ میڈل اور لیپ ٹاپ انعام دیا گیا جس نے 1100میں سے 1091نمبر حاصل کر کے پورے پنجاب میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔دوسری پوزیشن ایجوکیٹر سکول عارفوالا کے شفیع المحسن نے 1086نمبر اور عارفوالا کے ہی ایک اور نجی سکول نیو بیکن ہائوس کی آمنہ نعمان نے 1085نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حافظ فدا حسین نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ کا رزلٹ 77.6فیصد رہا ۔امتحان میں 67829امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 52636پاس ہوئے جس میں 77گونگے بہرے طلبا وطالبات نے بھی شرکت کی اور ان میں 75پاس ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں