ساہیوال بورڈ نے پوزیشنز کا اعلان کر دیا، لڑکے بازی لے گئے

ساہیوال(بیورورپورٹ) ساہیوال بورڈ نے میٹرک سالانہ 2018ء کے پویشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کر دیا۔مجموعی طور پر لڑکے لڑکیوں سے بازی لے گئے۔ ساہیوال بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک امتحان 2018ء میں مجموعی طور پر ڈی پی ایس اوکاڑہ کے طالب علم محمد احسن اشرف نے 1100میں سے 1091نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن عار ف والا کے طالب علم شفیع اللہ محسن نے 1086نمبر لیکراور عارف والا کی طالبہ آمنہ نعمان1085نمبر لیکر تیسری پوزیشن کی حقدار ٹھہریں۔سائنس گروپ بوائز میں محمد احسن 1091نمبرکے ساتھ پہلی‘ شفیع اللہ محسن 1086نمبرکے ساتھ دوسری جبکہ مرزا ریحان یوسف اور محمد ابراہیم 1082نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔ سائنس گروپ گرلز میں آمنہ نعمان 1085نمبرلیکر پہلی‘ جویریہ 1083نمبر لیکر دوسری جبکہ اریبہ اور اریشہ قیوم نے 1081نمبرلیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ میں اختر آباد کے نعیم اختر1029نمبرلیکر پہلی‘ امجد علی1013نمبرلیکردوسری جبکہ جمال قادری نے1006نمبرلیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرٹس گروپ گرلز میں سعدیہ پروین‘ اقصیٰ اصغراور رمشاکنول نے بالترتیب1037،1036اور1025نمبرزلیکر پہلی‘ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔میٹرک سالانہ2018ء کے پویشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کمشنرآفس کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور نے بتایا کہ میٹرک کے امتحان میں 68609طلبا ء نے امتحانی فارم جمع کروائے جن میں سے67829طلبا امتحان میں شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر 52636طلبا و طالبات کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب77.6فیصد رہا۔ اس موقع پر ساہیوال بورڈ کے کنٹرولر امتحانات فدا حسین اور سیکرٹری بورڈ ذوالفقار ثاقب بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں