ساہیوال (ایس این این) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں عام انتخابات 2018 کی حتمی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آصف حیات لودھی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد اظہر دیوان کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران حکومت اور دیگر سیکورٹی اداروں کی طرف سے ملنے والی انفارمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا گیا لیکن اب الیکشن کا اہم اور حساس ترین وقت شروع ہونے جا رہا ہے جس دوران ہرقسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی ملک و قوم کے مفادات اور شفاف الیکشن کے حصول کیلئے بہترین کاوشوں کو صرف کریں تا کہ ملک جمہوری ترقی میں اپنا سفر جاری رکھ سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ 22 جولائی کو الیکشن کے تمام عمل کی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا جائے گاجس میں تمام متعلقہ ادارے حصہ لیں گے تا کہ اپنی خامیوں کا اندازہ لگا کر انہیں دور کیا جا سکے۔اجلاس میں بتایا کہ تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا عمل آخری مرحلے میں ہے جسے آج کل میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کیمروں کی تنصیب کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے بھی تمام انتظامات بر وقت مکمل کر لیے جائیں تا کہ موقع پر کوئی پریشانی نہ ہو۔
