ساہیوال (ایس این این) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ انتخابات کے پر امن اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ نے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور 25جولائی کو ووٹنگ کے عمل کو بلا روک مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت کے تمام مراکز صحت اور ہسپتالوں میں میڈیکل ٹیمیں موجود رہیں گی جو کسی بھی نا گہانی صورتحال سے فوری نمٹ سکیں گی جبکہ ایمرجنسی سروسز کا عملہ بھی یونین کونسل لیو ل تک تعینات رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر شدید تشویش ظاہر کی اور پورے ضلع میں الرٹ لیول کر بڑھاتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ الیکشن ڈے پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے مکمل تیار ہیں اور ہر پولنگ سٹیشن پر ایمرجنسی نمبرز بھی ڈسپلے کئے جائیں تا کہ فوری اطلاع دی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے میونسپل اداروں پر زور دیا کہ وہ پولنگ سٹیشنز اور اردگردصفائی کو یقینی بنائیں اور سٹریٹ لائٹس کے مناسب انتظام کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی بجلی فراہمی کا بھی بندوبست کریں تا کہ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور ہائی وے کو بھی ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز کی طرف جانے والی سڑکوں اور راستوں کی مرمت کاکام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر لیں اور جن پولنگ سٹیشنز پر سہولیات کی فراہمی باقی ہے اسے جلد مکمل کر لیا جائے۔انہوں نے مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں اور جہاں پر خلاف ورزی ہو اس کی فوری اطلاع دیں تا کہ جلدبلا تاخیرایکشن لیا جاسکے۔
