ساہیوال، مسلم لیگ (ن) لاہور میں نواز شریف کا بھرپور استقبال کرے گی: ندیم کامران

ساہیوال(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن ساہیوال کا 13جولائی کو نوازشریف اورمریم نواز کی لاہور آمد پر شاندار استقبال کرنے اور 13جولائی سے تافیصلہ انتخابی مہم بند کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان گزشتہ رات پاکپتن چوک کے قریب مسلم لیگ ن کی انتخابی کارنر میٹنگ میں این اے 147کے امیدوار پیر سید عمران احمدشاہ اور پی پی 197کے امیدوار ملک ندیم کامران نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تمام کارکنان اپنے قائد میاں نوازشریف اور مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ آمد پر استقبال کیلئے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ قافلے کی صورت میں لاہور کیلئے ہرگز روانہ نہ ہوں بلکہ اپنی اپنی گاڑیوں اور دیگر ذرائع سے آج سے روانہ ہو نا شروع ہو جائیں۔انہوں نے کہاکہ 13 جولائی کی انتخابی کارنر میٹنگز منسوخ کردی گئی ہیں اور قائدین کے فیصلے کے بعد کارنر میٹنگز شروع ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں