پشاور دھماکہ، شہداء کی تعداد 12 ہو گئی

پشاور(ایس این این )‌پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسے میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی. ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت میں منگل کی شب 11 بجے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ ابتدائی طور پر 4 شہادتوں کی اطلاعات تھیں تاہم اب شہدا کی تعداد 12 ہو گئی ہے جب کہ 35 افراد زخمی ہیں. ایڈیشنل آئی جی بم ڈسپوزل سکواڈ شفقت ملک کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کو خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کی جیکٹ میں ایک کلوگرام تک دھماکہ خیز مواد تھا۔زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے.پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیا مینجر محمد عاصم نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں ہارون بلور سمیت 12افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے ہیں۔دھماکے کے نتیجے میں صوبائی حلقہ پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور سمیت متعدد افراد زخمی ہو ئے تھے جنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم ہارون بلور سمیت 12 افراد شہید ہو گئے.
عینی شاہدین کا کہنا ہے جلسے کے دوران جیسے ہی ہارون بلور کو تقریر کے لیے سٹیج پر بلایا گیا تو ساتھ ہی دھماکہ ہو گیا۔یاد رہے کہ ہارون بلور عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئر رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہیں جو ستمبر 2012 میں پشاور میں ہی پارٹی کے ایک جلسے پر ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ہارون بلور کی میت ان کے گھر پہنچا دی گئی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں