ساہیوال(بیورورپورٹ)متحدہ مجلس عمل تحصیل ساہیوال کے صدر رانازاہد فاروق نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے35ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے12جولائی کو طلب کرنا خوش آئند ہے۔قومی دولت کولوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔اقرباپروری اور کرپشن نے اداروں کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔چور، لٹیرے،رشوت خور اور کرپٹ افراد قانونی سقم اور ناقص تحقیقات سے فائدہ اٹھاکرآزاددندناتے پھرتے ہیں مگرکوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آئے روزکرپشن کا بڑے سے بڑا اسکینڈل سامنے آرہا ہے۔لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کیلئے بھی غیر قانونی اور غیراخلاقی طریقے اختیار کرنے پڑتے ہیں۔ رشوت خوری اور کرپشن کابازار گرم ہے۔ملک میں اس وقت روزانہ12ارب روپے اور سالانہ4320ارب روپے کی کرپشن ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔جب تک کرپٹ حکمران ہم پر مسلط ہیں ملک وقوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف عوام الناس کوبے روزگاری، لاقانونیت، انتشار، دہشتگردی، کرپشن، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کاسامنا ہے تودوسری طرف کرپشن اور کرپٹ افراد نے ملک کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔کرپٹ افراد کے مکمل خاتمے تک احتساب کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
