ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنرمحمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی مدد اور مسائل کے حل میں میڈیا اور انتظامیہ لازم و ملزوم ہیں اور ایک دوسرے سے باہمی تعاون کو فروغ دے کر ان مقاصد کو زیادہ بہتر طریقے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔اخبارنویسوں سے ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کرانا انتظامیہ کا بنیادی فرض ہے اور اس پر مکمل غیر جانبداری سے عملدر آمد کروا رہے ہیں جس میں میڈیا کا تعاون بھی ضروری ہے۔انہوں نے ساہیوال میں عوامی شکایات کی نشاندہی پر میڈیا کے کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی انتظامیہ اور میڈیا کا باہمی تعاون جاری رہے گا۔انہو ں نے پریس کلب کو در پیش مسائل حل کرنے کی یقینی دہانی کروائی۔پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری محمد نعیم شیخ نے مطالبہ کیا کہ پریس کلب سے متصل مخدوش بلڈنگ کو فی الفور مسمار کیا جائے تاکہ حالیہ مون سون بارشوں میں کسی نا گہانی حادثے سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے اس اہم مسئلے کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ بہت جلد پریس کلب کا دورہ بھی کریں گے۔
