ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائیاں،انتخابی مہم ٹھنڈی پڑ گئی

ساہیوال(ایس این این )انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کے خوف نے بلدیاتی چیئر مینوں اور سرکاری ملازمین کو پریشا ن کردیا‘ سرکاری ملازمین امیدواروں سے کترانے لگے‘ چیئر مینوں نے موبائل فون پر ووٹرز کو ڈیروں پر بلاکر مہم شروع کردی‘ عدم تعاون کے باعث سابق ممبران اسمبلی نے بعض افسران اور سرکردہ افراد کے ساتھ گلے شکوے شروع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلدیاتی چیئر مینوں اور سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کاسلسلہ شروع کردیاجس کے باعث بعض بلدیاتی چیئر مینوں نے اوپن حمایت کا سلسلہ ترک کرتے ہوئے موبائل فون کے ذریعے لیگی امیدواران کی حمایت جاری رکھی اور اپنے اپنے علاقوں کے ووٹرز کو فون کرکے اپنے ڈیروں پر بلاکر لیگی امیدواران کی حمایت کرنے کیلئے اثرو رسوخ استعمال کیاجارہاہے جبکہ کارروائی کے خوف سے بعض سرکاری ملازمین نے لیگی امیدواران کی حمایت ترک کردی ہے اور بعض سرکاری ملازمین نے خفیہ طورپر حمایت شروع کردی ہے۔ بعض سرکاری ملازمین اور شہر کے سرکردہ افراد کی طرف سے عدم تعاون پر لیگی امیدواران نے ان سے گلے شکوے کئے ہیں اور انہیں اپنی حمایت کے لئے آمادہ کیاجارہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں