نواز شریف کا جلد وطن واپسی کا اعلان

لندن(ایس این این ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ جلد وطن واپس آئیں‌گے اور جیل میں‌بھی اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے. سزائیں میری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ لندن میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ہر ہتھکنڈہ اپنایا گیا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، جس جدوجہد کا میں نے آغاز کیا اس میں اسی طرح کے فیصلے آتے ہیں اور سزائیں بھی ملتی ہیں، کوئی قید ہوتا ہے تو کوئی پھانسی پاتا ہے اور کوئی تاحیات نااہل قرار دیا جاتا ہے تو کسی کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا جاتا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے دھرنے دلوائے جاتے ہیں، وزیراعظم کو زبردستی مستعفی ہونے کا کہا جاتا ہے، سیاسی پارٹیوں کی توڑ پھوڑ کے جرم کا ارتقاب ہوتا ہے، ارکان کی وفاداریاں بندوق کے زور پر تبدیل کرائی جاتی ہیں۔’’ جیل میں بھی اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا ‘‘مجھے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ کا رخ موڑنے کے جرم میں دی گئی ہے لیکن یہ سزائیں میری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں اور میں جیل میں بھی اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا اور تب تک جاری رکھوں گا جب تک عوام کو اس غلامی سے نکال نہ لوں جو چند جرنیل اور ججز مل کر قوم پر مسلط کردیتے ہیں اور جب تک ووٹ کو عزت اورعوام کو حق حکمرانی نہیں مل جاتا۔
نوازشریف نے کہا کہ عوام آنے والی نسلوں کے لیے میرا ساتھ دے، میں (ن) لیگ کے ووٹر، سپورٹر کے جذبے کی قدر کرتا ہوں اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے میرا حوصلہ بڑھایا ہے جب کہ میری اہلیہ کلثوم نواز جیسے ہی ہوش میں آتی ہیں ان سے سلام دعا کرکے واپس آؤں گا۔دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ مریم نوازنے کہا کہ فخر ہے کہ کوئی لیڈر ہے جو آپ کی، وطن عزیز کی اور آپ کے ووٹ کی عزت کی خاطر ڈٹ کر کھڑا ہے اور کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جانتے ہوئے کہ یہ راستہ آسان نہیں اور اس کی قیمت چکانی پڑے گی، انہوں نے یہی راستہ چنا اور اس کی بھاری قیمت چکائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں