ساہیوال، احتساب عدالت کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے:سید عمران شاہ

ساہیوال(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار این اے 147پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ انصافکے تقاضوں کے برعکس ہے۔انتخابات سے چند روز قبل فیصلے کا مقصد نہ صرف انتخابی عمل پر اثر انداز ہونابلکہ مسلم لیگ ن کی مخالف سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچانا ہے لیکن مسلم لیگ ن کے قائدین گھبرانے والے نہیں وہ عام انتخابات میں اپنی مخالف سیاسی جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ عوام مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں 25جولائی کو عوام عوامی عدالت کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے حق میں دیکر ثابت کردینگے وہ غیر منصفانہ فیصلہ قبول نہیں کرتے۔ ایک ملاقات میں ایون فیلڈ ریفرنس فیصلہ آنے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن جب بھی برسراقتدار میں آئی تو پاکستان مخالف سیاسی قوتیں متحرک ہوئیں اورلیگی قائدین شریف برادران کے خلاف سازشیں کی گئیں اور انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے بار بار ہٹایا گیا لیکن اس کے باوجود عوام نے لیگی قائدین کا ساتھ دیا اور انہیں بار بار بھاری اکثریت سے منتخب کرکے بھاری مینڈیٹ دیا اب بھی عوام مسلم لیگ ن کے قائدین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر ن لیگ کی حکومت بنانے کا موقع دیں گے اور ملکی ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ حلقہ کے مسائل کا حل میرااولین فرض ہے۔ حلقہ کے پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں منتخب ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو ترجیح دی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ عام انتخابات میں بھی عوام کے ساتھ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے جو وعدے کئے تھے پورے کئے ہیں اب میاں شہبازشریف نے جو وعدے کئے ہیں پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کردیاہے۔ اب پانی کے مسئلہ پر توجہ دیں گے اگر عوام نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ووٹ دیئے اور منتخب ہو کر مسلم لیگ ن بھاشاڈیم سمیت دیگر ڈیمز بنانے پر توجہ دے گی اور عوام کو پانی کے بحران سے بھی نکالے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں