احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف

لاہور(ایس این این)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کر دیا. لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کے مترادف ہے.اس فیصلے کے پس منظر میں سیاسی محرکات ہیں. پاکستانی عوام اور مسلم لیگ(ن) اس فیصلے کو رد کرتی ہے. احتساب عدالت نے ایک بڑی سیاسی شخصیت کو بہت بڑا ریلیف دیا جب کہ میاں نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں کہیں موجود نہیں مگر اس کے باوجود انھیں ناکردہ جرم کی سزا دی جا رہی ہے. کئی سو ارب روپے کی کرپشن کے ثبوت پیش کرنے کے باوجود کئی عناصر کے خلاف نیب نے خاموشی اختیار کیے رکھی. میاں نواز شریف نے 109 پیشیاں بھگتیں جبکہ کئی لوگوں کو عدالتوں نے پیش نہ ہونے کے باوجود فائدہ پہنچایا. اب عوامی عدالت لگنے والی ہے. میں پاکستان کے کونے کونے میں جا کر اس ناانصافی کاذکر کروں گا. عوامی عدالت کے بعد خدا کی عدالت بھی لگنی ہے جہاں سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہونا ہے.شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم انصاف کے حصول کے لیے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے. میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں سے کہتا ہوں کہ وہ پر امن احتجاج کریں اور اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں