ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بچوں کی 5 روزہ ورکشاپ

ساہیوال(ایس این این ) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی تربیت کے لئے ضروری ہے کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ ذہنی و جسمانی تربیت پر یکساں توجہ دی جاسکے اور انہیں مستقبل کی ذمہ داریاں اٹھانے کے لئے تیار کیا جاسکے بچوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں ساہیوال آرٹس کونسل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جس سے بچوں میں پینٹنگز۔ کیلی گرافی۔ آرٹ اینڈ کرافٹ میں دلچسپی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بچوں میں ایک ہفتے کے فن فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسلڈاکٹر ریاض ہمدانی اور اے سی جنرل اشفاق الرحمن خان نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ میں 5 سے 14 سال تک کے بچوں اور بچیوں کو مختلف پروگراموں میں خصوصاً پینٹگز۔ کیلی گرافی۔ سپوکن انگلش۔ فیس پینٹنگزکی تربیت دی گئی جس میں بچوں نے گہری دلچسپی لی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر فرح مسعود نے آرٹس کونسل کی کارکردگی کو سراہااور ہدایت کی کہ ایسی صحت مند سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر جنرل اشفاق الرحمن نے بچوں کی صلاحیت کو نکھارنے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کی ذہنی تربیت کے لئے ضروری ہے کہ انہیں جسمانی طور پر مضبوط کیا جائے اور ان کی شخصیت اور کردار سازی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے بتایا کہ 5روزہ ورکشاپ میں 5 سے 14سال کے طلبا و طالبات نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس سے ان کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھار ملا ہے اور یہ سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں