کسانوں کو فصل کا پورا معاوضہ ملنا چاہیئے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ زراعت کو ترقی دیئے بغیر ملک اقتصادی خودکفالت کی منزل حاصل نہیں کر سکتا،ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے ضروری ہے ہے کہ کسانوں کو ان کی فصلوں کا پورا معاوضہ ملے اور انہیں معیاری ادویات اور کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے تا کہ پیداوار میں اضافہ ہو۔وہ یہاں اپنے دفتر میں ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو،ڈی سی اوکاڑہ رضوان نذیر، ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد،ڈائریکٹر زراعت ساہیوال محمد فاروق جاوید،ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن راؤ محمد اشفاق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت چوہدری کلیم نثار کے علاوہ محکمہ پولیس اور پراسیکیوشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔انہو ں نے محکمہ زراعت پر زور دیا کہ وہ اپنی مہم میں تیزی لائیں اور جعلی ادویات اور کھادوں کا کاروبار کرنے والے زراعت دشمن عناصر کی سرکوبی کریں جس کیلئے انتظامیہ بھر پور تعاون کرے گی۔انہو ں نے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے جلد فیصلے کے لئے محکمہ پراسیکیوشن او رپولیس کو قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عدالتوں میں مقدمات بھجوانے سے پہلے تمام تیاری مکمل کی جائے تا کہ سخت سے سخت سزا دلائی جاسکے -کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ ایسا گھناؤنا کاروبار کرنے والے افراد چھوٹے قصبات اور دیہات میں زیادہ سرگرم ہوتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ بڑے بڑے ڈیلروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے چھوٹے دوکانداروں کے سٹاک کو مسلسل چیک کیا جاتا رہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر راؤ اشفاق نے بتایا کہ موجودہ سال کے پہلے 6ماہ میں محکمے نے اپنے ٹارگٹ سے زائد چیکنگ کی ہے جبکہ 18افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں