ساہیوال ( بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈاکٹر فرح مسعود کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں صفائی کی خصوصی مہم جاری۔میونسپل کارپوریشن اور کمیٹیوں کا عملہ پورے شہر سے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں مصروف۔تفصیلات کے مطابق کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس میں میونسپل کارپوریشن اور کمیٹیوں کا تمام عملہ محلے کی سطح پر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا رہا ہے۔ کمشنر آفس میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد ارشد وٹو کو اس اہم مہم کا انچارج تعینات کیا گیا ہے۔ جو روزانہ کی بنیاد پر مہم کا جائزہ لے کر رپورٹ کمشنر کو دیتے ہیں۔مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کے تمام بڑے شہروں اور قصبات کے ہر محلے اور گلی سے تمام کوڑا کرکٹ اور بارش کا پانی ترجیحی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کی واضح ہدایات کے بعد بارش کے پانی کی نکاسی بھی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے تمام وسائل بارش کے پانی کی نکاسی پر لگائے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد ارشد وٹو نے عوام سیاپیل کی کہ وہ اس مہم میں عملے کا ساتھ دیں اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ گلی اور محلے کو بھی صاف رکھیں اور کوڑا کرکٹ کے صرف دی گئی ویسٹ ٹرالیوں میں ہی ڈالیں تاکہ انہیں بروقت اٹھایا جاسکے انہوں نے مزید بتایا کہ مون سون کے موسم کی وجہ سے شہروں کے تمام ڈرینز کی بھی صفائی کا عمل پہلے ہی کیا جا چکا ہے تاکہ شدید بارش میں بھی شہریوں کا کم سے کم تکلیف پہنچے۔
