ساہیوال ( بیورورپورٹ)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کے حکم نامے کو بلدیاتی منتخب نمائندوں نے ہوامیں اڑ ادیا ‘امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کی انتخابی مہم میں چیئر مینوں سمیت دیگر منتخب نمائندوں کی بھرپور شرکت‘ متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلدیات نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے میونسپل کارپوریشنز ‘میونسپلز اور یونین کونسلز کے چیئرمینوں ودیگر منتخب نمائندوں کو امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کی انتخابی مہم میں شریک ہونے سے ممانعت کی تھی لیکن چیئر مینو ں سمیت دیگر منتخب نمائندے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کی نہ صرف انتخابی کارنر میٹنگز میںشرکت کررہے ہیں بلکہ وہ کھلم کھلا ان کی حمایت کرتے ہوئے ووٹرز اور ناراض کارکنوں کو منانے کے لئے متحرک ہیں۔ مسلم لیگ ن ‘پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تمام بلدیاتی نمائندے انتخابات میں کسی نہ کسی طریقہ سے حمایت کرنے کے لئے جڑے ہوئے ہیں۔ مختلف جماعتوں کے بلدیاتی منتخب نمائندوں کی انتخابی کارنرمیٹنگز کی تصاویر شہری سوشل میڈیاپر بھی اپ لوڈ کررہے ہیں۔ مختلف حلقوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔
