شریف فیملی کے خلاف ’ایون فیلڈ ریفرنس‘ کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(ایس این این) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ’ایون فیلڈ ریفرنس‘ کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو جمعہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔احتساب عدالت نے ملزمان کو جمعے کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نواز شریف اور مریم کی حاضری سے سات روزہ استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز، کپیٹن صفدر، حسن اور حسین نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر لندن فلیٹس ریفرنس میں استغاثہ اور دفاع کے دلائل مکمل ہوگئے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے منگل کو اپنے دلائل مکمل کیے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔فیصلہ محفوظ ہونے سے قبل اپنے حتمی دلائل میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ملزمان کے حق میں دستیاب دستاویزات رپورٹ میں شامل نہیں، جبکہ شامل دستاویزات مصدقہ اور معتبر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے پورے خاندان کو پھنسانے کیلئے یکطرفہ، جانبدارانہ اور بدنیتی پر مبنی تفتیش کی۔ ایم ایل ایز کے معاملے میں دفتر خارجہ کو بائی پاس کر کے شفافیت پر سوالیہ نشان لگا دیا گیا۔ استغاثہ ٹھوس شواہد پیش کرنے اور الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ حتمی دلائل میں امجد پرویز نے کہا کہ فورنزک ماہر رابرٹ ولیم ریڈلے فونٹ کے ماہر نہیں ہیں۔امجد پرویز نے کہا کہ اے جی آفس کا خط بھی تصدیق شدہ نہیں تھا، واجد ضیا کو بھی پتہ نہیں تھا کہ یہ خط والیم 4 میں موجود تھا۔ لیکن انہوں نے کہا کہ ہم سے خط رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی وی آئی حکام نے 31 مئی کی ایم ایل اے کا جواب دینے سے انکار کیا اور یہ حقیقت اب تک چھپائی گئی ہے۔مریم نواز کے وکیل کی جانب سے بھارتی عدالتی فیصلوں کے حوالے بھی دیے گئے۔
پاناما لیکس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف اور بچوں کیخلاف 8 ستمبر 2017 کو ریفرنس دائر کیا۔ مزید شواہد سامنے آنے پر نیب نے 22 جنوری 2018 کو کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا.لندن فلیٹس ریفرنس جسے ایون فلیڈ ریفرنس بھی کہا جاتا ہے اس میں مجموعی طور پر 18 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ لندن سے بھی 2 گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک پر رکارڈ کیے گئے۔ تمام گواہ استغاثہ کے تھے جن میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں