کمشنر ساہیوال کا سول ہسپتال کا ہنگامی دورہ

ساہیوال ( بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈاکٹرفرح مسعود نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی دستیابی کو یقینی بنا دیا ہے ۔ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں نئے شعبوں کے شروع ہونے سے پورے علاقے کے عوام کو آسانی میسر آئے گی اور انہیں فوری علاج ملے گا۔انہوں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم ،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر ارشد قریشی ،ایم ایس ڈاکٹر اعجاز حیدر ،ڈی ایم ایس ڈاکٹر زبیر اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل اشفاق الرحمٰن خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر نے نیورو اور آرتھو کے او پی ڈی وارڈز ،ایمر جنسی وارڈ ،لیبارٹری ،شعبہ ایکسرے ،سی ٹی سکین اور میڈیکل وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں داخل مریضوں سے بات چیت کی ۔انہوں نے لیبارٹری میں ہونیوالے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو جلد سے جلد رپورٹ دی جائے تا کہ وہ بیماری کی تشخیص کروا سکیں ۔ڈاکٹر مریم رفیع نے بتایا کہ لیبارٹری میں روزانہ 200 سے 300 تک کے مریضوں کے مختلف ٹیسٹ ہوتے ہیں جبکہ ہسپتال میں بلڈ بینک کی سہولت بھی میسر ہے ۔کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ایمرجنسی میں مریضوں کو تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی سختی سے ہدایت کی اور ادویات کا سٹاک رجسٹر بھی چیک کیا ۔ وہاں موجود ایک مریض نے شکایت کی کہ سی ٹی سکین کیلئے طویل انتظار کروایا جاتا ہے جس پر انہوں نے ایم ایس کو مریضوں کی مشکل حل کرنے کی ہدایت کی ۔میڈیکل وارڈ میں داخل ایک مریضہ کے لواحقین نے بتایا کہ انہوں نے ٹیسٹ نجی لیبارٹری سے کروائے ہیں جس پر کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو انکوائری کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہسپتال کے تمام برآمدوں اور وارڈز میں ویسٹ بن رکھنے اور سی ٹی سکین کے ریٹس بھی نمایاں جگہ پر لگانے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں