کراچی میں مشتعل عوام کا بلاول بھٹو کے قافلے پر حملہ

کراچی(ایس این این ) پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ جانے والے علاقے لیاری میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا. مشتعل ہجوم نے ڈنڈوں سے قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے این اے 246 لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ بلاول بھٹو خطاب کے لیے لیاری کے دورے پر پہنچے تو جونا مسجد کے مقام پر سیکڑوں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور قافلے کو آگے جانے سے روک دیا۔ مشتعل مظاہرین نے بلاول کے قافلے پر حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی جب کہ پولیس موبائل سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی قریب آئی تو اس کو گھیرے میں لے کر شدید پتھراؤ کیا۔ مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے پرچم بھی نذر آتش کردیے۔
اس موقع پر پی پی پی کے کارکنوں اور مظاہرین کے درمیان بھی تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ راستہ نہ ملنے کی وجہ سے بلاول کا قافلہ آگے جانے میں ناکام رہا۔ مشتعل افراد کو روکنے کے لئے پولیس کے لاٹھی چارج کے باوجود مظاہرین پر قابونہ پایا جاسکااور ان کا احتجاج جاری رہا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق بلاول زرداری اور ان کے ساتھ موجود دیگر رہنما مراد علی شاہ، شیریں رحمان محفوظ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں