فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

لاہور(ایس این این ) ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فواد چوہدری کو ان کے آبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری کی اپیل پر سماعت کی،ترجمان تحریک انصاف نے ہائیکورٹ میں دائر اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ٹریبونل کےمطابق بیرون ملک دوروں پربتیس لاکھ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
اپیل میں کہا گیا کہ ٹریبونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک ان کے اثاثوں کی دستاویزات کا جائزہ نہیں لیا، کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ منسلک کی گئی تھی، ٹریبونل نے دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا لہٰذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو معطل کردیا اور پی ٹی آئی رہنما کو جہلم کے حلقہ این اے 67 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور ٹریبونل سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔عدالتی فیصلے پر فواد چوہدری نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں انصاف ہوا، میرے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ مضحکہ خیز تھا، جس طرح سے فیصلہ معطل ہوا اس سے انصاف کا بول بالا ہوا اور قانون جیتا ہے۔ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ میری نااہلی کےفیصلےپربغلیں بجانےوالوں اورمٹھائیاں کھانےوالوں کی خوشیاں جلدہی ختم ہوگئیں ہیں، کیونکہ ن لیگ کاوطیرہ ہےکہ مٹھائیاں پہلےکھاتی ہے،بعدمیں روناروتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں