ساہیوال، شہدا کے لواحقین میں امدادی رقوم تقسیم

ساہیوال(ایس این این)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے کٹھن وقت اور نا مساعد حالات میں ملک کی حفاظت کر کے دشمن کے نا پاک عزائم کو ناکام بنایا اور ہمیں چین کی نیند سونے دیا،ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کی کفالت مذہبی اور قومی فریضہ سمجھ کر کریں -وہ یہاں ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ میں شہداء کے وارثان کو امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں 25شہداء کے لواحقین اور دوسرے افراد میں 10لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چیک تقسیم کئے گئے -ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غلام مبشر میکن،ڈپٹی ڈائریکٹر سروسز بورڈ لیفٹیننٹ کرنل (ر)محمد خالد ملک اور ڈی ایس پی لیگل مہر اسلم حیات جوتہ اور دوسرے افسران بھی موجود تھے -انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے جان قربان کرنا سب سے بڑی قربانی ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہمارے مستقبل کی حفاظت کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کے خاندانوں کی کفالت دل و جان سے کریں -انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ شہداء کے خاندانوں کو در پیش مسائل کو فوری حل کرے گی اور انہیں ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی-اس سے پہلے سروسز بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد خالد ملک نے بتایا کہ ضلع ساہیوال اور پاکپتن کے 25شہداء اور دوسرے افراد میں 10لاکھ روپے سے زائد مالیت کے امدادی چیک دیئے جا رہے ہیں تا کہ ان کی مالی مشکلات کم ہوں -انہو ں نے کہا کہ سروسز بورڈ سابق فوجیوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کے لئے انتظامیہ او رپولیس کا بھر پور تعاون ازحد ضروری ہے -انہو ں نے بتایا کہ پاکپتن میں بھی سروسز بورڈ کا دفتر کھولنے کی کوشش جاری ہے تا کہ سابقہ فوجیوں اور ان کے لواحقین کے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں -بعد میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے امدادی چیک تقسیم کئے-

اپنا تبصرہ بھیجیں