سیالکوٹ میں خواتین کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی پٹائی

سیالکوٹ(ایس این این) سیالکوٹ میں خواتین کے ہاتھوں پولیس والوں کی درگت بنا دی گئی۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز قیصر نامی شخص کا قتل ہوا جس کے بعد مبینہ طور پرقتل میں ملوث ملزمان گھر کو تالا لگا کر فرار ہو گئے۔ گھر کو بند دیکھ کر ڈاکوؤں نے گھر پر ڈکیتی کی. قتل کے مبینہ ملزمان نے اپنے خلاف کارروائی سے بچنے کے لیے مقتول قیصر کے اہل خانہ پر چوری کا الزام لگا کر مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے کسی تحقیق کیے بغیر ہی چوری کا مقدمہ درج کرلیا اور گرفتاری کے لیے مقتول قیصر کے گھر پر چھاپا مارا جہاں اس کے اہل خانہ پہلے غم سے نڈھال تھے، بتایا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران پولیس پارٹی کو یرغمال بنا کر خواتین نے ان کی پٹائی کی۔ بعد ازاں حکام کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی کرانے پر مقتول کے اہل خانہ نے اہل کاروں کو چھوڑ دیا۔پولیس کے مطابق مقتول قیصر عباس کے قتل میں نامزد ملزمان اپنے اہل خانہ سمیت فرار ہیں تاہم قتل کا مقدمہ 2 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں