لاڑکانہ، چیف جسٹس نے جج کا موبائل میز پر پٹخ دیا

لاڑکانہ(ایس این این)چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ثاقب نثار نے آج لاڑکانہ میں سیشن کورٹس کا دورہ کیا اورمختلف مقدمات کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران چیف جسٹس ایک عدالتی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کا موبائل لے کر میز پر پٹخ دیا اور کہا کہ آپ کو موبائل فون عدالت میں لانے کی اجازت کس نے دی.آپ اپنا موبائل گھر پر رکھ کرآیا کریں۔
چیف جسٹس نے موبائل فون استعمال کرنے والے جج سےپوچھا کہ صبح سے آپ نے کتنے کیسزسنے ہیں، جج نے جواب دیا کہ انہوں نے 3 کیسزسنے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اتنی سست روی سے کام ہوگا توانصاف کیسے دیا جائے گا۔ سندھ اور پاکستان کس جانب جارہا ہے، لاپتہ افراد سے متعلق معاملات پر آپ کیا کررہے ہیں، کیسز جلدی نمٹائے جائیں، جوڈیشل سسٹم سے شرمندہ ہوں۔چیف جسٹس نے جسٹس بارمیں وکلا سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں آپ کی ہڑتالوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں انصاف دینے نکلا ہوں جس میں آپ کا کردار موثر ہو سکتا ہے اس لیے آپ مثبت تنقید کریں اور قانونی راستا اپناتے ہوئے میرا ساتھ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں