ہماری اولین ذمہ داری عام انتخابات کا شفاف انعقاد ہے : ڈاکٹر فرح مسعود

ساہیوال (ایس این این )کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری عام انتخابات کا شفاف اور منصفانہ انعقاد ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کمشنر ساہیوال کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو‘ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ رضوان نذیر‘ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد رفیق‘ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن میاں جمیل احمد اور اے سی جی اشفاق الرحمن خان بھی موجود تھے۔انہوں نے زور دیا کہ انتظامیہ کے ہر فیصلے اور اقدام سے غیر جانبداریت کا تاثر ظاہر ہونا چاہیے اور ایسے کسی ملازم کو ڈویژن میں برداشت نہیں کیا جائے گا جو کسی قسم کی سیاسی سرگرمی یا کسی امیدوار کی حمایت میں ملوث پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ضروری سہولیا ت کی فراہمی بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں بجلی اور پانی کی دستیابی سب سے اہم ہے جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔انہوں نے انتظامی افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے انتظامات کے ساتھ ساتھ دوسرے دفتری امور پر بھی توجہ مرکوز رکھیں اور اپنے دفتروں کے دروازے عام آدمی کیلئے کھول دیں تا کہ ان کے مسائل فوری حل ہوں۔انہوں نے مون سون کے موسم میں سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھنے اور ڈینگی سے بچاؤ کی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ میڈیا کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تا کہ عوام تک درست معلومات پہنچ سکیں اور کسی بھی واقعے کی درست رپورٹنگ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں