ووٹرز کا ڈیٹا لیک کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے: چوہدی اکرام الحق

ساہیوال(ایس این این )ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونا تشویش ناک امر ہے اسکی مکمل تحقیقات ہونی چاہیں اور اس مجرمانہ غفلت پر ملو ث افراد کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے۔ الیکشن کمیشن ملک میں صاف شفاف انتخابات کروانے کے لئے اقدامات کرے۔اگر نادرا کی جانب سے کسی سیاسی جماعت کو ووٹرز کا ڈیٹا لیک کرکے معلومات دی گئی ہیں تو یہ الیکشن کے سارے عمل کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے۔نگران وزیر اعظم ناصر الملک کو اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لینا چا ہئے۔ان خیالات کا اظہار ا متحدہ مجلس عمل ساہیوال کے راہنما چوہدری اکرام الحق (ایڈووکیٹ)، رانا زاہد فاروق، عمیر جاویدآرائیں اورڈاکٹر زاہد محمود نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ کچھ سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ آئین سازاداروں میں پہنچنے کے لیے چورلٹیروں،ڈاکو،بھتہ خور اور دیگرجرائم پیشہ افراد کی راہ ہموار ہوجائے،اس لیے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے آئین کے آرٹیکل 62اور63کے خلاف سرگرم ہیں۔2018کے عام انتخابات میں ایم ایم اے پورے ملک میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔جمہوری تسلسل اور سیاسی استحکام کے لیے ملک میں بروقت انتخابات ناگزیرہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیاہے کہ عوام چوروں اور لٹیروں،جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں کے نظام کومستردکریں۔مٹھی بھراشرافیہ ملک کی جڑوں کودیمک کی طرح چاٹ رہی ہے،اس سے نجات کاوقت آن پہنچاہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کے نمائندوں کو باکردار،محب وطن اور بے داغ ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ ہے کہ ہمیں 70برسوں میں محب وطن قیادت میسر نہیں آسکی۔ایسے لوگوں کو آگے لایاجانا چاہئے جوحقیقی معنوں میں عوام کے خدمتگار ہوں،ذاتی مفادات پر ملکی مفادات کوترجیح دیں۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کودرپیش مسائل کاحل صرف اور صرف ایم ایم اے کی دیانتدار اور باکردار قیادت کے پاس ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی فلاح وبہبودکے لیے کچھ نہیں کیا۔اداروں کاتقدس پامال کیا گیا۔مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہواہے۔سابقہ حکومت کی کارکردگی صرف کرپشن اوراثاثوں کوبیرون ملک منتقل کرنے اور مفادات سمیٹنے تک ہی محدود رہی جس سے عوام میں شدیدمایوسی پھیلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں