ساہیوال، عید سیاسی بن گئی،امیدواروں کے ڈیروں‌پر رش

ساہیوال(ایس این این )عیدالفطر کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار مختلف مقامات پر عید کی نماز کے بعد لوگو ں میں گھل مل گئے اور شہریوں کو آزادانہ طور پر عید گلے ملتے رہے۔ امیدواروں کے ڈیروں پر بھی رش رہا اور عید کے موقع پر ووٹرز کی چائے اور ٹھنڈے مشروبات سے تواضع کی جاتی رہی۔ اقتدارمیں رہنے والے پیر سید عمران احمدشاہ‘ ملک ندیم کامران اور محمدارشدملک اپنی اپنی رہائش گاہوں اورمختلف مقامات پر سیاسی و سماجی راہنماؤں اور ووٹرز سے عید ملتے رہے اور ان سے سیاسی امور پر گفتگو کرتے رہے۔ چوہدری نوریز شکور‘حاجی شیخ محمدچوہان‘رانا عامر شہزاد طاہر‘ نعیم نثار چوہدری‘انجینئر حافظ عمیر جاوید‘ اکرام الحق چوہدری‘ذکی چوہدری‘ خالد کامیانہ‘ملک محمدیار ڈھکو‘ فیصل جلال ڈھکو اور دیگر امیدوار بھی مختلف سیاسی راہنماؤں وکارکنوں کے علاوہ عام شہریوں کو بھی عید ملتے نظر آئے اور سیاسی گفتگو کرتے رہے۔ عید کے دنوں میں امیدوار نہ صرف شہریوں کو خوش اخلاقی سے ملے بلکہ انہیں آزادانہ طور پر گلے لگاتے رہے اور شہریوں سے مختلف مسائل پر بھی گفتگوکرتے رہے۔ بعض امیدوار وں نے اقتدارمیں آکر شہریوں کے مسائل احسن طریقہ سے حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ بعض امیدواروں سے شہری گلے شکوے بھی کرتے نظرآئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں