ساہیوال (ایس این این)ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں نئی اور جدید لیبارٹری نے کام شروع کر دیاہے جہاں عوام کو تمام ضروری ٹیسٹ مفت کرانے کی سہولت میسر آ گئی ہے جن میں وہ تمام مہنگے ٹیسٹ شامل ہیں جو غریب مریض نجی لیبارٹریوں سے ہزاروں روپوں میں کروانے پر مجبور تھے -ان میں گردوں،جگر،پیشاب،کولسٹرول،یورک ایسڈ،ہیپاٹائٹس بی اور سی او ر ڈینگی سے متعلقہ ٹیسٹ بھی شامل ہیں -یہ بات ساہیوال میڈیکل کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر آف پتھالوجی ڈاکٹر انیس عباس نے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہو ں نے کہا کہ جدید لیبارٹری کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشد قریشی کی ذاتی دلچسپی سے ممکن ہوئی ہے جنہو ں نے لیبارٹری کے لئے تمام جدید مشینوں کی خریداری اور تنصیب کی جلد تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے تا کہ غریب عوام کو نجی لیبارٹریوں کے مہنگے ٹیسٹوں سے نجات دلائی جا سکے -انہوں نے مزید بتایا کہ لیبارٹری میں خون سے متعلقہ تمام ٹیسٹ جن میں ہیمو گلوبن،پلیٹلٹس،آر بی سی کاؤنٹ اور اور بلڈ پکچر شامل ہے بھی کئے جائیں گے جو کہ مرض کی تشخیص میں بنیاد ی کردار ادا کرتے ہیں -اس کے علاوہ انسانی جسم میں موجود بلڈ گیس کے تمام ٹیسٹ بھی ممکن بنائے گئے ہیں -ڈاکٹر رئیس عباس نے مزید بتایا کہ نئی لیبارٹری ہیلتھ کیئر کمیشن کے تمام قواعد و ضوابط کو پورا کرتی ہے جہاں ہمہ وقت لیبارٹری انچارج بھی موجود رہے گا تا کہ ٹیسٹوں کے معیار پر کوئی حرف نہ آئے -انہو ں نے کہا کہ یہ لیبارٹری 24گھنٹے کھلی رہے گی تا کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو بھی سہولیات میسر آ سکیں -اس کے علاوہ مریضوں کے بیٹھنے اورٹیسٹ کے لئے بلڈ دینے کیلئے بھی انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے جو اس سے پہلے صوبے کے ٹیچنگ ہسپتالو ں میں میسر تھے-
