سیوریج کیلئےاکھاڑی گئی سڑک شہریوں کیلئے وبال جان

ساہیوال (بیورورپورٹ) سیوریج کیلئے اکھاڑی جانیوالی سڑک شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی‘گاڑیوں کی آمدروفت کے باعث دھول اڑنے سے شہری مختلف بیماریوں کاشکا ر ہونے لگے‘متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال شہر میں مال منڈی کے قریب سیوریج کی بڑی پائپ لائن کی تنصیب کی جارہی ہے جو مشن چوک تک ڈال دی گئی ہے۔ مال منڈی چوک میں سڑک اکھاڑنے سے ٹریفک کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مٹی کے ڈھیربھی پریشانی کا باعث ہیں اور گاڑیوں کی آمدورفت سے مٹی کی دھول اڑ رہی ہے اور شہری دمہ‘سانس اور مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔مشن چوک ساہیوال میں بھی سڑک اکھاڑ کر کام جاری ہے مگر کارپوریشن کی جانب سے اڑنے والی دھول کے سد باب کے لیے پانی چھڑکنے کا بندوبست نہیں کیا گیا جس بنا پر دھول اڑ کر قریبی دکانوں، بنکس اور دیگر کاروباری مراکز میں موجود لوگوں کے لیے اذیت کا باعث بنی ہوئی ہے. شہریوں نے شدیدا حتجاج کرتے ہوئے کمشنر‘ڈپٹی کمشنر اور میئر ساہیوال سے مطالبہ کیاہے کہ سڑک کی فوری مرمت کروائی جائے اور مٹی کے ڈھیر اٹھوائے جائیں اور سڑک کی اچھی طرح صفائی کروائی جائے تاکہ شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں