نہتے کشمیریوں کوگاڑی تلے کچلناانتہائی شرمناک فعل ہے: اکرام الحق

ساہیوال(بیورورپورٹ)متحدہ مجلس عمل ساہیوال کے راہنما وامیدوار پی پی 197ساہیوال چوہدری اکرام الحق ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کوگاڑی تلے کچلناانتہائی شرمناک فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہندوستان ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ چکا ہے۔کیمیائی ہتھیاروں کاآزادانہ استعمال کیاجارہا ہے جوکہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔افسوسناک امر تویہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت انسانیت کے علمبردار ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان مذمتی بیانات سے آگے بڑھے اور ہندوستان کے گھناؤنے کردار کوپوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیاجائے۔جب تک بھارت کودوٹوک اورواضح انداز میں جواب نہیں دیاجائے گا تب تک وہ بازآنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج 3کروڑنہتے اورمظلوم کشمیریوں پر ظلم وجبرکے پہاڑڈھارہی ہے۔اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا گیاہے۔ہزاروں نوجوان ہندوستان کی مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشددکانشانہ بن رہے ہیں مگر الحمدللہ ایک بھی کشمیری نہ جھکاہے اور نہ ہی کشمیر کاسوداکرنے کو تیارہوا۔کشمیری شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچموں میں دفنایاجاناپسندکرتے ہیں،یہ ان کی پاکستان سے والہانہ محبت کی عکاسی کرتاہے۔پاکستان کے22کروڑعوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اوران کی ہرلحاظ سے حمایت جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں