پی پی197، پی ٹی آئی کا ٹکٹ شیخ محمد چوہان کو ملنے کا امکان

ساہیوال(ایس این این) تحریک انصاف میں دھڑا دھڑ شامل ہونے والے مختلف جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی وجہ سے مرکزی سطح پر ٹکٹس کے معاملے پر نظریاتی کارکنوں‌میں تحفظات منظر عام پر آ رہے ہیں. ساہیوال میں بھی پی پی 197 کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے چوہدری صغیر احمد اور شیخ محمد چوہان کے درمیان مقابل ہے. چوہدری صغیر احمد عرصہ دراز سے پی ٹی آئی کا حصہ ہیں.وہ (ق) لیگ سے پی ٹی آئی میں‌شامل ہوئے تھے. شیخ محمد چوہان نے (ن) لیگ سے ملک ندیم کامران کو ٹکٹ ملنے کے بعد کافی عرصہ خاموشی اختیار کر نے کے بعد پی ٹی آئی جوائن کی تھی. چوہدری صغیر احمد اس وقت پرامید ہیں کہ پی پی 197 کا ٹکٹ پارٹی قیادت انھیں دے گی مگر ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے شیخ محمد چوہان کا ٹکٹ کنفرم کر دیا ہے.اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو قوی امکان ہے کہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت میں اختلافات شدت اختیار کر جائیں اور پی ٹی آئی کا ووٹ بنک متاثر ہو. ذرائع کے مطابق شیخ محمد چوہان کو ٹکٹ جاری کرنے کے اشارے دئیے گئے ہیں تاہم حتمی بات ٹکٹس کے اعلانات کے بعد ہی سامنے آئے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں