ساہیوال، احترام رمضان ایکٹ کی دھجیاں، روزہ خوروں کی موجیں

ساہیوال(ایس این این )ساہیوال کے مختلف بازاروں میں روزہ خوروں کے لئے کھانے پینے کے مرکز کھل گئے‘ بازاروں میں اور ارد گرد مشروبات کی ریڑھیاں‘کھانے پینے کی دکانیں کھلنے سے احترام رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری‘تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے مختلف بازاروں سوڑی گلی کے اردگرد بازاروں میں اوربازاروں کے باہر نان ٹکی‘ مشروبات اور دیگر کھانے پینے کے مراکز کھلے ہیں جہاں پر روزہ خور کھانے پینے کی اشیاء لیکر کھاتے ہیں اورکھلے عام احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی جاری ہے۔ بیری والا چوک کے قریب نان ٹکی والے دکانداروں کی موجیں جہاں روزہ خوروں کا رش ختم ہونے کانام ہی نہیں لیتا ہے۔ پرائس مجسٹریٹوں کے چھاپوں کے باوجود جہاز گراؤنڈ، بیری والا چوک‘چرچ روڈ‘ ریلوے روڈ‘قیوم ہسپتال کے قریب اور دیگر مختلف مقامات پر روزہ خوروں کی موجیں لگی ہوئی ہیں۔ پرائس مجسٹریٹوں نے بعض دکانداروں کو جرمانے اوربعض گرفتار بھی کیا لیکن یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ روزہ خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور روزہ خوری کرانے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں