برطانوی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی: نجم سیٹھی

لندن(ایس این این ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ملک میں امن کی بحالی کیلئے پاک فوج کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے لارڈز میں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے ملاقات میں انہیں پاکستان میں سکیورٹی حالات سے آگاہ کرنے کے ساتھ انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے مدد کی درخواست بھی کی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ بہت جلد برطانوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
نجم سیٹھی کے مطابق انہوں نے برطانوی وزیراعظم کو بتایا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کیلئے بڑی قربانیاں بھی دی گئی ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ کے دوران ہونے والی اس ملاقات کے دوران نجم سیٹھی نے برٹش پرائم منسٹر کو بتایا کہ پاکستان میں کھیل کے شائقین انگلش ٹیم کی آمد کے منتظر ہیں جس کیلئے ان کی جانب سے بھی مدد درکار ہے۔
نجم سیٹھی کے مطابق انہوں نے تھریسا مے کو بتایاکہ وہ بیرون ملک سے مہمانوں کو مدعو کر رہے ہیں کہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں کہ پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنا دیا گیا ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ بورڈ کے معاملات کو درست کیا جس میں کوئی سیاسی یا حکومتی مداخلت نہیں تھی جبکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو انہوں نے ایک قومی ایجنڈے کے طور پر سامنے رکھا۔
قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اپنے شوہر فلپ جون کے ہمرا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے آئی تھیں جو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا گیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین نجم سیٹھی بھی موجود تھے۔برطانوی وزیراعظم نے پی سی بی چیئرمین کو کہا کہ پاکستان نے اب تک بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے۔

2 تبصرے “برطانوی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی: نجم سیٹھی

اپنا تبصرہ بھیجیں