پاکستان دومصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گا

اسلام آباد(ایس این این )پاکستان زمینی خدو خال کے مشاہدے کے لیے خلا میں دو سیٹلائٹس بھیجے گا. چینی اخبار کے مطابق پاکستان نے چین کی مدد سے دو سیٹلائیٹس بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی ہے. ’لانگ مارچ 2 سی‘ راکٹ کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جس کے ذریعے جون میں دو سیٹلائٹس خلا میں بھیجے جائیں گے۔یہ سیٹلائیٹس پاکستان کے لیے زمین پر مشاہداتی امور سرانجام دیں گے، ان میں سے ایک سیٹلائٹ سمندروں اور لہروں کا جائزہ لے گا جبکہ دوسرا خشکی اور زیر زمین معدنی وسائل کا پتا لگانے میں معاون ثابت ہوگا۔سیٹلائیٹس چینی خلائی اکیڈمی اور پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو نے جنوبی افریقہ کی خلائی کمپنی کے تعاون سے تیار کئے ہیں۔
سپارکو کے ذرائع کے مطابق نئے سیٹلائٹ کے ذریعے زراعت و آبپاشی، موسمیاتی تغیر کے نتیجے میں پیدا ہو نے والے حالات، تعلیم جبکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں متاثرہ علاقوں کو تازہ ترین صورتحال اور اسی تناظر میں امدادی سرگرمیوں کی بروقت اور انتہائی تیز رفتار معلومات ممکن ہو سکے گی۔

پاکستان دومصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں