بھٹو نگر، سرکاری پانی کے اوقات میں اضافے کا مطالبہ

ساہیوال( بیورورپورٹ) بھٹونگر میں سرکاری پانی کے ٹائم ٹیبل کو بڑھایاجائے ‘شدید گرمی میں علاقہ مکین پانی کو ترس گئے‘ گھریلو خواتین کھاناپکانے اور گھریلو کام کاج کیلئے سرکاری پانی کا انتظار کرتی رہتی ہیں‘ کمشنر ‘ڈپٹی کمشنر اور میئر ساہیوال سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق بھٹونگرغریب و متوسط طبقے کے رہائشیوں کا علاقہ ہے اور یہاں تقریباً ہر دوسرا گھر سرکاری پانی استعمال کرکے گزرواوقات کررہاہے۔ علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ بھٹونگر میں سرکاری پانی کی سہولت تو موجود ہے مگر ٹیوب ویل آپریٹر سرکاری پانی افطار کے اوقات میں 5بجکر 15منٹ پر چالو کرتا ہے اور 6بجکر 15منٹ پر بند کرلیتاہے اسی طرح سحر کے وقت 3بجے سرکاری پانی چالو کیاجاتاہے اور 4بجکر30منٹ پر بند کردیا جاتاہے جبکہ دوپہر کو بھی پانی کے اوقات کی یہی صورتحال ہے ۔انہوں نے کہاکہ افطار کے وقت 4بجے سے شام ساڑھے 6بجے تک اور سحری کے وقت 3بجے سے صبح6بجے تک پانی بحال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک اور شدید گرمی میں پانی کی ضرورت میں اضافہ ہواہے اور پانی کا سحر وافطار کے وقت انتہائی کم دورانیہ کے لیے ٹیوب ویل چلانا مکینوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوںنے کمشنر ساہیوال ‘ڈپٹی کمشنر اور میئر ساہیوال سے پانی کے اوقات کار میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں