لیگی کارکن کو نواز شریف نے ٹھکائی کے بعد گلے لگا لیا

لاہور(ایس این این) سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ہاتھ ملانے کی کوشش کرنے والے لیگی کارکن کو سیکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک سمجھ کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔بعد ازاں نواز شریف نے کارکن کو اسٹیج پر بلا کر گلے لگایا ۔ رد عمل میں کارکن نے خوش ہو کر شیر شیر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔آج لاہور میں یومِ تکبیر پرمنعقدہ کنونشن میں نواز شریف ا سٹیج پر اپنی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر رہنماوں کے ساتھ موجود تھے کہ اچانک ایک لیگی کارکن نے ہاتھ ملانے کیلئے ان کی جانب دوڑ لگا دی۔ سیکیورٹی اہلکار نے اسے پکڑ لیا۔تشدد کرتے ہوئے اسٹیج سے نیچے لے گئے ۔ اس دوران پنڈال میں موجود کارکنوں نے بھی اس پر تشدد شروع کر دیا۔ جس پر کارکن رونے لگا ۔ سعد رفیق پنڈال میں آئے اور کارکن کو گلے لگا کر بوسہ دیا اور اسے واپس اسٹیج پر لے کر گئے ۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ سیکیورٹی کو معلوم نہ تھا کہ نواز شریف اور عوام میں عاشق اور معشوق کا رشتہ ہے۔ میرا بھائی میاں صاحب سے ہاتھ ملانے آیا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کوعوام اور قائد کے درمیان رشتے کوسمجھنا چاہیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں