سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کے خلاف تحقیقات کا حکم

اسلام آباد(ایس این این) پاک فوج نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی اپنی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے متنازع مندرجات کی وضاحت کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی پیش ہوئے۔جس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کو ان کی کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ کے مندرجات سے متعلق وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹوئٹ کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے، اس کے علاوہ اسد درانی کانام ای سی ایل میں ڈالنےکے لیے مجازاتھارٹی سے بھی رابطہ کرلیا گیا۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق اسدد رانی نے اپنی کتاب میں حقیقت کے خلاف واقعات پیش کیے ہیں یہ فوجی ضوابط کی خلاف ورزی ہے.

واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ اے ایس دولت کے ساتھ ’دا اسپائی کرونیکلز‘ کے نام سے کتاب لکھی ہے جس میں ایبٹ آباد آپریشن، مقبوضہ کشمیر اور کارگل سمیت دیگر معاملات کو بیان کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں