بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 3 افراد شہید

مظفر آباد (این این آئی)آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب نیزاپور سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری خالد حسین نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نیزاپور سیکٹر کے گاؤں فتح پور میں اتوار کی شب 10 بجے سے 11 بجے کے دوران شیلنگ کی گئی جہاں پر دو افراد شہید ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ ایک شیل 65 سالہ ریٹائرڈ اسکول ٹیچر شیخ مشتاق کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ان کے 32 سالہ بیٹے نوید اور 20 سالہ بیٹی اسما جاں بحق ہوگئیں۔جاں بحق ہونے والے نوید فوٹو کاپی کی دکان چلا رہے تھے جبکہ ان کی بہن بی ایس سی کی طالبہ تھیں۔ڈپٹی کمشنرخالد حسین نے بتایا کہ شیخ مشتاق اور ان کی اہلیہ نسیمہ بیگم اور 25 سالہ بیٹا انصار شدید زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے ضلع حویلی کے فارورڈ کہوٹہ منتقل کیا گیا جہاں رات گئے دوران علاج انصار دم توڑ گیا۔انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج نے نیزاپور سیکٹر میں دن کے وقت بھی شیلنگ کی تھی تاہم اس دوران کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات راجا مشتاق منہاس نے بھارتی شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بربریت کی انتہا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی کے قریب بسنے والے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں