ساہیوال:‌رمضان المبارک میں پھلوں‌کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

ساہیوال (بیورورپورٹ ) رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں پھلوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں‘ پرائس کنٹرول کمیٹی غائب‘ مہنگائی نے شہریوں کی چیخیں نکال دیں ‘ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی گرانفروشوں نے بھی مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا۔ پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام کو افطار ی میں فروٹ جیسی نعمت سے بھی محروم کردیا۔ رمضان المبارک سے قبل کھجور ایرانی150/160روپے فی کلو‘ کیلا فی درجن 60/80روپے ‘ آڑو 80/100روپے فی کلو ‘آم 100/120روپے فی کلو ‘ سیب 120/150روپے فی کلو فروخت ہورہے تھے جبکہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی کھجو ر ایرانی 220روپے فی کلو ‘کیلا فی درجن 100/150 ‘ آڑو120/150روپے فی کلو ‘آم 150/200روپے فی کلو ‘سیب 180/200روپے فی کلو ‘فالسہ 160روپے فی کلو ‘خوبانی 200روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ شہریوں کا کہناہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکاہے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں غائب ہیں۔ انہوںنے کمشنر ساہیوال سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں